59 mins ago
کوہاٹ میں پولیس ٹیم پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 11 اہلکار شہید، 12 زخمی
Webdesk
|
11 Nov 2026
کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 11 اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچی تھی۔ فائرنگ کے بعد پولیس کی مزید نفری اور گاڑیاں جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں، جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
حملے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید اہلکاروں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے بھی 11 اہلکاروں کی شہادت اور 12 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
Comments
0 comment