1 hour ago
حمیرا ظہیر کی حالت تشویشناک، بشریٰ انصاری کی مداحوں سے دعا کی اپیل
Webdesk
|
10 Nov 2026
کراچی: پاکستانی اداکارہ بشری انصاری نے اپنی دیرینہ دوست اور سینیئر آرٹسٹ حمیرا ظہیر کی صحت سے متعلق تازہ معلومات شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کردی۔
بشری انصاری نے بتایا کہ حمیرا ظہیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا، حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
بشری انصاری نے بتایا کہ ان دونوں کی دوستی 54 سال پرانی ہے اور وہ بچپن کی گہری دوست ہیں، دونوں ایک ساتھ ایک ٹی وی پروگرام میں گاتی تھیں اور پھر ساتھ کالج جاتی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حمیرا کی جلدی شادی ہوگئی تھی، حمیرا کے شوہر ظہیر خان مشہور ڈائریکٹر اور پی ٹی وی کے سابق جی ایم رہ چکے ہیں اور ہم سب کا ایک دوسرے کے ساتھ بڑا اچھا وقت گزرا ہے، ہم اپنے دکھ سکھ سب ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ حمیرا ظہیر بالکل ٹھیک ٹھاک تھیں لیکن اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔ بشری انصاری کا کہنا ہے کہ وہ اور بہروز سبزواری اپنی دوست کی عیادت کے لیے روزانہ ہسپتال جا رہے ہیں اور ان کی صحت کے بارے میں مسلسل معلومات لے رہے ہیں۔
سینئر اداکارہ نے موجودہ دور میں ذہنی دبا کے صحت پر اثرات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی اور دبا انسان کی صحت کو بری طرح متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا فالوورز سے درخواست کی کہ وہ حمیراظہیر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ بشری انصاری نے اس سے قبل بھی انسٹاگرام پر اپنی دوست حمیراظہیر کی ناسازی طبیعت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔
Comments
0 comment