3 hours ago
ایران نے فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی: برطانیہ
Webdesk
|
13 Oct 2026
برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے برطانیہ کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کارروائی کی یقینی طورپرہدایت دی تھی۔
پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی حکام کے جائزے کے مطابق کارروائی ایران میں مربوط کی گئی اور اس کے پیچھے پاسداران انقلاب کاہاتھ ہونے کا قوی امکان ہے ۔
برطانوی حکومت نے پیر کو ایرانی سفیر کو طلب کرکے برطانیہ اوراس کے بین الاقوامی شراکت داروں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوششوں پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔
ایران نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ فضائی اڈے پر پیش آنے والے واقعے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کردئیے۔ لندن میں ایرانی سفیر علی موسوی نے تہران کے ملوث ہونے کے الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر برطانوی حکام کے پاس الزامات کے حق میں شواہد موجود ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے ۔ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس اور جرمنی و دیگر نے پیر کو ایران کو مخالفانہ سرگرمیوں سے باز رہنے کا انتباہ دیا ہے ۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ 29 ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے اپنے پراکسی گروپوں یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے ان کے علاقوں میں لوگوں کو دھمکانے، خاموش کرانے ، خوف زدہ کرنے ، ہراساں کرنے ، نقصان پہنچانے یا دباو ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
Comments
0 comment