2 hours ago
حوثیوں کا مدینہ منورہ میں بجلی گھر پر ڈرون حملہ، سعودی اتحادی افواج
ویب ڈیسک
|
1 Oct 2026
ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے مرکز پر رواں ہفتے ہونے والے ڈرون حملے کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کردیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حملہ منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 11 منٹ پر طیبہ بجلی کی تقسیم کے مرکز کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد آپریشنل جائزے اور ڈرون کے ملبے کے معائنے سے حوثیوں کے حملے کی منصوبہ بندی اور اسے عملی جامہ پہنانے میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
ترجمان کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی گھر کا ایک ٹرانسفارمر بند ہوگیا، تاہم مجموعی بجلی کے نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز مسجد نبوی ﷺ کو بھی بجلی فراہم کرتا ہے۔
ترکی المالکی نے حوثیوں پر شہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ جیسے مقدس شہروں کو نشانہ بنا کر مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج حوثی حملوں کی روک تھام اور حرمین شریفین سمیت زائرین کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گی۔
حوثیوں کی جانب سے اتحادی افواج کے بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Comments
0 comment