ایک وزیر آج کل مجھ پر تبصرے کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا: محسن نقوی
Webdesk
|
22 Nov 2026
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وزیر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹیلی وژن پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے۔ لیکن جس دن میں نے جواب دیا وہ وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈھائی سال سے وہ اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں ۔لیکن جس دن انہوں نے ان وزیر کے خلاف تبصرہ کیا تو وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی نے اپنی گفتگو کے دوران ان وزیر کا نام نہیں لیا۔ کاروباری افراد پر تنقید سے متعلق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں جن کاروباری افراد پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں۔
وہ بزنس مین وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدے دار تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ وہ بزنس مین پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتے ہیں؟
واضح رہے کہ کاروباری افراد سے متعلق گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ایک بیان دیا تھا۔
سینئر صحافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ صوبوں سے متعلق معاملہ اس وقت بگڑا ہے جب صوبوں کی بحث کا آغاز ایک اقتصادی فورم سے ہوا اور وہ ہمارے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کیا۔
Comments
0 comment