معاذ صداقت 360 ڈگری بیٹر ہیں: ایان بشپ
Webdesk
|
13 Oct 2026
ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ پر پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں 360 ڈگری بیٹر قرار دیا ہے۔
معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔
ایان بشپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں معاذ صداقت کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 میں جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت کی صلاحیت دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔
انہوں نے لکھا ہے کہ نوجوان بلے باز کی اچھی فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار ہے اور میں ان کے کامیاب مستقبل کے لیے خواہاں ہوں۔
ایان بشپ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھا 360 ڈگری بیٹر قرار دیا۔ یہاں یہ واضح کرنا اہم ہے کہ 360 ڈگری بیٹر سے مراد ایسا بلے باز ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
Comments
0 comment