سندھ میں ایک قطرہ بھی خون گرا تو ذمہ دار بلاول ہونگے: مصطفیٰ کمال

سندھ میں ایک قطرہ بھی خون گرا تو ذمہ دار بلاول ہونگے: مصطفیٰ کمال

بلاول ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں
سندھ میں ایک قطرہ بھی خون گرا تو ذمہ دار بلاول ہونگے: مصطفیٰ کمال

Webdesk

|

18 Nov 2026

کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے چھوٹے صوبے بنانے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بغیر پاکستان نہیں چلے گا۔

مصطفی کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کے حوالے سے گفتگو پر انہیں شدید افسوس ہوا،  بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہے گا، اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہتا ہے تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو پر ہوگی۔

انہوں نے کہا بلاول ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، انہیں اپنی جماعت کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی پر بات کرنی چاہیے،  انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مہاجر برادری طویل عرصے سے نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے، بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تو پورا کراچی جلا دیا گیا، مہاجروں کو یہاں جلایا گیا، فیکٹریاں نذر آتش ہوئیں۔

صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے مزید کہا کہ اس اہم معاملے پر عوامی ریفرنڈم ہی بہترین راستہ ہے، لوگوں کی رائے کو بالادستی حاصل ہونی چاہیے، وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست فیصلہ کرے کسی جماعت کو بچانا ہے یا پاکستان کو، اگر صوبے بنانیکی خواہش عوام میں نہ ہوتی تو بلاول بھٹو ناراض نہ ہوتے، اس فیصلے میں تاخیر ہوئی تو شیطانی قوتیں اس معاملے میں شامل ہوسکتی ہیں، طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ نے بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!