2 hours ago
نیپال میں سیلاب سے ہلاکتیں مزید بڑھ گئیں، ڈھائی ہزار تاحال لاپتہ
ویب ڈیسک
|
30 Aug 2026
نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 752 ہو گئی ہے، جبکہ 2 ہزار 502 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
نیپال کے نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ادارے اور نیپال پولیس نے 734 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
سیلاب کو پانچ روز گزرنے کے باوجود متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق کئی علاقوں تک زمینی راستے سے رسائی انتہائی دشوار ہو چکی ہے، جس کے باعث فضائی امدادی کارروائیوں میں ہیلی کاپٹروں کا اہم کردار ہے۔
نوواکوٹ ضلع میں قائم ایک فوجی کیمپ میں سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے بچوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تلاش میں اب بھی کیمپوں کے باہر منتظر ہیں۔
نیپال کے وزیر خارجہ نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ بعض علاقے دلدلی زمین میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔
Comments
0 comment