1 hour ago
انجلینا جولی نے پھر دنیا کی توجہ غزہ کی تباہی کی طرف دلا دی
Webdesk
|
4 Oct 2026
کراچی: ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے غزہ میں تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھر وہاں کی صورتحال پر آواز اٹھا دی۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر غزہ پر اسرائیلی بربریت سے ہونے والی تباہی سے قبل اور موجودہ وقت کی سیٹلائیٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے وہاں کے رہائشیوں کے لیے انسانی امداد کی زیادہ فراہمی پر زور دیا اس پوسٹ میں گوگل ارتھ کی سیٹلائیٹ تصاویر کے ساتھ ہالی وڈ اسٹار نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار بھی شیئر کیے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل ارتھ پر غزہ میں ہونے والی تباہی دیکھی جاسکتی ہے، جہاں پورے پورے علاقے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں، گھروں، اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پورا خطہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی 82 فیصد عمارات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 2 تہائی سے زائد عمارات مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔
انجلینا جولی نے کہا کہ سردی کی آمد سے قبل غزہ کے 94 فیصد لوگوں کو پناہ اور ضروری سامان کی ضرورت ہے، جبکہ انسانی امداد اور خیموں کا سامان اب بھی تاخیر کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیٹلائیٹ تصاویر سے تباہی کا علم ہوتا ہے مگر اس سے بچ جانے والے خاندانوں کے صدمے کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے رواں سال کے شروع میں مصر سے رفح کراسنگ کا دورہ کرکے وہاں امدادی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔
Comments
0 comment