6 hours ago
امریکی اور اسرائیلی کارروائیاں عالمی توانائی کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں: ایرانی صدر
Webdesk
|
28 Oct 2026
ماسکو: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور ایران پر عائد یکطرفہ پابندیوں کو عالمی توانائی کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے عالمی توانائی کی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (جی ای سی ایف) کے آٹھویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کی اقتصادی پابندیوں، بحری و فضائی ناکہ بندی اور خلیج فارس میں فوجی مداخلت سے تیل و گیس کی فراہمی، توانائی کی نقل و حمل اور عالمی اقتصادی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔
ایرانی صدر نے دعوی کیا کہ امریکہ اور اسرائیل نے سیاسی مذاکرات کے دوران دو مختلف مواقع پر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں کیں، جن سے ایرانی توانائی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور توانائی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے اثرات صرف ایران یا مشرق وسطی تک محدود نہیں بلکہ عالمی توانائی کی سلامتی اور بین الاقوامی معیشت بھی ان سے متاثر ہو رہی ہے۔
مسعود پزشکیان نے امریکی پابندیوں اور ایران کی بحری و فضائی ناکہ بندی کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے گیس اور توانائی فراہم کرنے والے بڑے ممالک پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کی مذمت کریں اور عالمی توانائی کی منڈیوں کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے مثر اقدامات کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خلیج فارس میں امریکی فوجی مداخلت عالمی توانائی کی قیمتوں، سپلائی چین اور نقل و حمل کے نظام کو شدید متاثر کر سکتی ہے، جس سے دنیا بھر میں اقتصادی ترقی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ گیس برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کثیرالجہتی توانائی سفارتکاری کا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
رکن ممالک مذاکرات، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون کے ذریعے عالمی توانائی کے مسائل حل کرنے میں مثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی گیس مارکیٹ میں استحکام، علاقائی و بین الاقوامی تجارت کے فروغ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کی پیداوار، پراسیسنگ، ترسیل اور استعمال کے تمام مراحل میں مشترکہ سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور ماحولیاتی اثرات میں کمی تعاون کی اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران جی ای سی ایف کے بانی ارکان میں شامل ہے اور قدرتی گیس کے ثابت شدہ ذخائر کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔
Comments
0 comment