5 hours ago
سرجانی ٹاؤن ماں اور 3 بچوں کا قتل، مقتولہ کے بھائیوں کو سنگین دھمکیاں ملنے کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
19 Sep 2026
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن پر پیش آنے والے قتل کے واقعے کے بعد مقتولہ مہوش کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر مقتولہ کے بھائی نعمان علی نے سرجانی تھانے میں تحفظ کے لیے درخواست جمع کرادی۔
نعمان علی کے مطابق مرکزی ملزم ہمایوں کے بھائی بھولا نے انہیں دو مرتبہ فون کرکے دھمکیاں دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھولا نے فون پر کہا، ’’اب دیکھنا میں تم لوگوں کے ساتھ کیا کرتا ہوں‘‘ اور یہ بھی دھمکی دی گئی کہ ان کے ساتھ بھی وہی ہوگا جو ان کی بہن اور بھانجوں کے ساتھ ہوا۔
مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ واقعے کے بعد انہیں کہا گیا کہ ’’ہمایوں والا حال کروں گا‘‘، جس کے باعث خاندان کے دیگر افراد کی جانوں کو بھی خطرہ محسوس ہورہا ہے۔ ان کے مطابق وہ شریف لوگ ہیں اور گھر داری اور اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔
نعمان علی کا کہنا ہے کہ سرجانی تھانے میں گزشتہ روز تحفظ کی درخواست جمع کرائی گئی، جسے پولیس نے وصول کرلیا ہے۔ ان کے مطابق بھولا سے ان کی صرف سلام دعا تھی، تاہم واقعے کے بعد وہ تعزیت کے لیے بھی گھر نہیں آیا، جبکہ ہمایوں کے گھر سے بھی کسی نے تعزیت نہیں کی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ تھانے میں درخواست جمع ہونے کے بعد بھولا نے رابطہ کرکے دھمکی دینے پر معذرت کی، لیکن خاندان کو اس معذرت پر اعتماد نہیں۔ نعمان علی کے مطابق ان کا خاندان پہلے ہی شدید صدمے سے گزر رہا ہے اور مزید کسی آزمائش یا نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
واقعے کا پس منظر
سرجانی ٹاؤن سیکٹر سیون ڈی کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں مہوش اور اس کے کمسن بچوں کی جان چلی گئی تھی۔ واقعے کی تفتیش کے دوران پولیس نے مرکزی ملزم ہمایوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے مطابق ملزم نے مزاحمت کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس مقابلے میں ہمایوں کی ہلاکت کے بعد اب مقتولہ کے بھائیوں کی جانب سے دھمکیوں کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس پر خاندان نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments
0 comment