نجی اسکولوں میں تمام ملازمین کی پولیس ویری فکیشن لازمی قرار

نجی اسکولوں میں تمام ملازمین کی پولیس ویری فکیشن لازمی قرار

کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی
نجی اسکولوں میں تمام ملازمین کی پولیس ویری فکیشن لازمی قرار

Webdesk

|

26 Nov 2026

لاہور: حکومت پنجاب نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت نجی اسکولوں کے تمام ملازمین کی تقرری سے پہلے متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گرانڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی ۔محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا پابند کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب بیک گرانڈ، کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے جو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کی بھرتی سے پہلے ان کے کوائف نادرا کے سیکس آفینڈرز رجسٹر سے چیک کرنے کی تجویز دی تھی۔

 اس سلسلے میں انہوں نے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن پنجاب کو خط لکھ کر معاملہ وفاقی وزارت قانون و انصاف کو بھجوانے کی درخواست بھی کی تھی. تاکہ اس مقصد کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔ تجویز میں پہلے سے تعینات عملے کے ریکارڈ کی جانچ بھی شامل تھی۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!