سندھ یوتھ کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ جانیے
Webdesk
|
23 Nov 2026
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ پروگرام کا افتتاح کردیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام 30 اضلاع میں 15 سے 29 سال تک کے نوجوانوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں اس کا دائرہ بڑھا کر 10 لاکھ نوجوانوں تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی مالی مشکلات کم کرنا ہے تاکہ وہ تعلیم، روزگار اور کاروبار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوان بینک اکاؤنٹس، وظائف، پیشہ ورانہ تربیت، بامعاوضہ انٹرن شپ اور ملازمتوں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
پروگرام کے تحت کتابوں، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی خریداری پر رعایت بھی دی جائے گی۔ بلاول بھٹو کے مطابق بس اور ٹرین کے کرایوں میں رعایت کے لیے کام جاری ہے، جبکہ آئندہ مراحل میں اندرون ملک فضائی سفر پر رعایت، موٹر سائیکل کی خریداری کے لیے بلاسود قرضوں اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کو بلاسود مالی معاونت دینے کی سہولت بھی شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ یوتھ کارڈ رکھنے والوں کو 180 سے زائد کاروباری اداروں میں خصوصی رعایت ملے گی۔ ان کے مطابق حکومت نوجوانوں کو پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے بھی رعایتی شرح سود پر فراہم کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔
Comments
0 comment