مولانا فضل الرحمان کا پورا ملک جام کرنے کا اعلان
Webdesk
|
26 Nov 2026
اسلام آباد: جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج سرگودھا میں طے شدہ کانفرنس کی راہ میں رکاوٹوں، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قیادت کی نظر بندی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور تمام شاہراہیں و موٹر ویز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرگودھا میں عظیم الشان کانفرنس کا اعلان بدستور برقرار ہے اور مختلف اطراف سے قافلے سرگودھا پہنچ رہے ہیں .تاہم لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سرگودھا روانہ ہو رہے ہیں. لیکن اطلاعات کے مطابق موٹروے اور سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے دعوی کیا کہ چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد سمیت سرگودھا جانے والے راستے بند ہیں اور کرفیو جیسی فضا قائم ہے جبکہ پنڈال پربھی پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔
امیر جے یو آئی (ف) کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک مختلف اضلاع، سرگودھا اور خوشاب میں کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ جمعیت طلبہ اسلام کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس کے علاوہ مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور صوبائی امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان کو بھی نظر بند کردیا گیا ہے جبکہ سرگودھا کے امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے تمام صوبوں کے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آئیں اور کوہستان و چترال سے لے کر بدین، تربت، مکران اور چمن تک ملک بھر کی سڑکیں بند کر کے جمہوری حق سے محرومی اور مبینہ آمرانہ ہتھکنڈوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
واضح رہے کہ آج لاہو ہائی کورٹ میں مولانا فضل الرحمان کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی تھی جس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا نہ وہ ہمیں مطلوب ہیں۔
Comments
0 comment