25 mins ago
ایڈمن سوسائٹی حادثہ، ایس بی سی اے پر جھاڑو پھر گئی، ایس ایس پی ایسٹ عہدے سے فارغ
ویب ڈیسک
|
26 Nov 2026
کراچی میں ایڈمن سوسائٹی کے علاقے میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے سانحے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد اعلیٰ سرکاری افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
واقعے کے بعد طلب کیے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو عہدے سے ہٹانے اور وفاقی حکومت کو ان کی معطلی اور تحقیقات کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مزید 16 افسران کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس کے علاوہ عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات کا حصہ بنانے کا حکم دیا، تاکہ حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بننے والے ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
قبل ازیں واقعے کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں سرکار کی مدعیت میں 10 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں سے چار کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی۔
ادھر ضلعی انتظامیہ سے 17 ایسی فیملیز نے رابطہ کیا جن کے پیارے مبینہ طور پر ملب تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو کا آپریشن جاری ہے۔
Comments
0 comment