دل کا دورہ پاکستان میں اموات کا سب سے اہم سبب ہے، ماہرین

دل کا دورہ پاکستان میں اموات کا سب سے اہم سبب ہے، ماہرین

2020 میں پاکستان میں224720افراد دل کا دورہ پڑنے سے موت کا شکار ہوئے
دل کا دورہ پاکستان میں اموات کا سب سے اہم سبب ہے، ماہرین

Webdesk

|

18 Aug 2024

کراچی(این این آئی)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین نے کہا ہے کہ نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ پاکستان میں بھی دل کا دورہ سمیت امراضِ قلب انسانی اموات کا سب سے اہم سبب ہیں۔

 عالمی ادارہ  برائے صحت کے اعدادو شمار کے مطابق 2020 میں پاکستان میں224720افراد دل کا دورہ پڑنے سے موت کا شکار ہوئے، ایکوکارڈیوگرافی دل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم تیکنیک ہے اور اسی موضوع پراس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روزڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے تحت ایکوکارڈیوگرافی کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کہی۔

 آغا خان اسپتال کے کلینکل ایسوسی ایٹ پروفیسراور ماہرِ امراض قلب برائے اطفال ڈاکٹرسلیم اختر اورڈاکٹر پنجوانی سینٹر کی پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم نے بھی  افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

ورکشاپ کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کی اسٹیم سیل ریسرچ لیبارٹری میں ہوا۔ آغا خان اسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان خان، پوسٹ ڈاکٹرل فیلو ڈاکٹر ردائے ماریہ، لیبارٹری ٹیکنالوجیسٹ ایکوکارڈیوگرافی محترمہ حنا، اور ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینسز کی ڈاکٹر نادیہ نعیم اس ورکشاپ کے ریسورس پرسن تھے۔

پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین نے کہا کہ دنیا میں2019 میں17.9ملین افراد امراض قلب سے موت کا شکار ہوئے جو دنیا کی کل اموات کا32فیصد تھا، اور موات کے ان اعداد وشمار میں85فیصد افراد کی موت فالج اوردل کا دورہ پڑ نے سے ہوئی۔

 انھوں نے کہا پاکستان میں امراض قلب کا معاشی بوجھ بڑھ رہا ہے،  انھوں نے امرض قلب کی تشخیص کے حوالے سے ایکوکارڈیوگرافی کو موثر تیکنیک قرار دیتے ہوئے پروفیسر عصمت سلیم اور ان کی ٹیم کی ورکشاپ کاموثر انعقاد کروانے پر تعریف کی۔

 ڈاکٹرسلیم اختر نے امراض قلب کے عنوان سے ایکوکارڈیوگرافی کو ایک اہم تیکنیک قرار دیا، انھوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ ورکشاپ نہ صرف شرکا کے لیے سودمند ثابت ہوگی بلکہ مستقبل میں طبی اور بنیادی تحقیق کے منصوبوں کے لیے راہ ہموار کرے گی۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!