35 mins ago
جوہر موڑ حادثے میں بزرگ شہری کی ہلاکت، ملزمہ نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی
ویب ڈیسک
|
16 Nov 2026
کراچی: جوہر موڑ پر خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے 70 سالہ شہری شاہین بیگ دوران علاج 20 روز بعد انتقال کرگئے جبکہ ملزمہ نے گرفتاری سے بچنے کیلیے عدالت سے ضمانت لے لی۔
متوفی کی موت کے بعد پولیس نے مقدمے کی مدعیہ سے رابطہ کرکے تدفین روکنے اور لاش اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی اور طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔
دوسری جانب حادثے میں نامزد ملزمہ ڈاکٹر عائشہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی ہے۔ عدالت نے انہیں 19 نومبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جوہر موڑ پر خاتون ڈاکٹر کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شخص 20 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کرگیا تھا۔
متوفی کی شناخت شاہین بیگ کے نام سے ہوئی ہے، جو 26 اکتوبر کو ماہرِ نفسیات ڈاکٹر کی گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوئے تھے۔ انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ 20 روز سے زیرِ علاج تھے۔
اہلِ خانہ نے شاہین بیگ کی نمازِ جنازہ آج نمازِ عصر کے بعد ادا کرنے اور تدفین کا فیصلہ کیا تھا تاہم آخری وقت میں انویسٹی گیشن پولیس نے مدعیہ سے رابطہ کر کے لاش کو میڈیکل رپورٹ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کیلیے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو خاتون کی گاڑی سے موٹر سائیکل سوار اور رکشے کو ٹکر لگی تھی جس کے بعد خاتون نے سڑک پر شہریوں سے مار پیٹ کی تھی۔
خاتون نے ویڈیوز وائرل ہونے پر دعوی کیا تھا کہ ان کا بیگ، موبائل اور گاڑی کی چابی چھین لی گئی تھی جس پر وہ اپنے حواس کھو بیٹھی تھیں۔ پولیس نے خاتون کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کیساتھ تصفیہ کروادیا تھا۔
Comments
0 comment