سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث تین بھارتی شہری کینیڈا میں گرفتار

سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث تین بھارتی شہری کینیڈا میں گرفتار

پولیس کے مطابق گرفتار افراد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہیں جبکہ تحقیقات جاری ہیں
سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث تین بھارتی شہری کینیڈا میں گرفتار

ویب ڈیسک

|

4 May 2024

کینیڈا کی پولیس نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث تین بھارتیوں کو گرفتار کرلیا جن کو ایجنسیز نے قتل کا ٹاسک دے کر بھیجا تھا۔

کینیڈین پولیس کے سپرنٹنڈنٹ  مندیب موکر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں تینوں ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ٹھوس شواہد اور ثبوت کے بعد ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے ملزمان کی شناخت اور عمریں بھی میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ ’گرفتار کیے گئے افراد کے حوالے سے ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جو کافی ہیں اور ان کے براہ راست تانے بانے ہردیپ سنگھ کے کیس سے ملتے ہیں۔

پولیس سربراہ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے کیس میں تینوں ملزمان پر قتل اور اقدام قتل کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ ملزمان کی شناخت 22 سالہ کرن برار، 22 سالہ کمل پریت سنگھ اور 28 سالہ کرن پریت سنگھ کے نام سے ہوئی جو کہ صوبہ البرٹا کے شہر ایڈمنٹن کے رہائشی ہیں۔

انہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنا حلیہ تبدیل کیا جبکہ یہ تین سے پانچ سال قبل بھارت سے کینیڈا آئے تھے۔

کینیڈین پولیس نے ملزمان کے خلاف مودی حکومت سے تعلقات کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اس واقعے کی تفتیش میں امریکا سمیت متعدد غیرملکی سیکیورٹی ایجنسیاں بھی تعاون کر رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں نجر کے قتل میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاریاں بھی جلد عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ قتل کیس کی تحقیقات ابھی بند یا ختم نہیں ہوئیں اور ہم اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اصل کردار تک نہیں پہنچ جائے۔ واضح رہے کہ 45 سالہ ہردیپ سنگھ کو جون 2023ء میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں سکھوں کی عبادت گاہ کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ 

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

 

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!