10 hours ago
پشاور اسکول سانحہ، جاوید آفریدی کا متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک کروڑ امداد کا اعلان
ویب ڈیسک
|
16 Oct 2026
پشاور: زلمی فاؤنڈیشن نے پشاور کے علاقے افریدی آباد میں الخیر اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ایک کروڑ روپے کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔
زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سانحے میں معصوم بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی فوری امداد فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مالی امداد اس ناقابلِ تلافی نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتی۔ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خواب پورے کرنے کے لیے محفوظ ماحول ملنا چاہیے۔
زلمی فاؤنڈیشن نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ریسکیو اہلکاروں، طبی عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زلمی فاؤنڈیشن مشکل حالات میں عوام کی مدد اور سماجی ترقی کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
Comments
0 comment