صائم ایوب دنیا کے بہترین آل راؤنڈر قرار
ویب ڈیسک
|
4 Feb 2026
آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان نے اس سیریز میں آسٹریلیا کو 3-0 سے کلین سوئپ کیا۔ صائم ایوب نے سیریز کے دوران بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے 119 رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں، جس کے باعث ٹیم کو فیصلہ کن برتری ملی۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تازہ رینکنگ اپ ڈیٹ کے مطابق صائم ایوب نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے نمبر پر چلے گئے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کی یہ پیش رفت نہ صرف ان کے لیے بلکہ آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ٹیم کے لیے بھی خوش آئند ہے۔ پاکستان ٹیم 2009 کے بعد دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا ہدف رکھتی ہے۔
بولنگ رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار بہتری دکھائی۔ لیگ اسپنر ابرار احمد نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں چھ وکٹیں حاصل کر کے دو درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جگہ بنا لی۔ آئی سی سی کے مطابق ابرار احمد اس وقت بھارت کے ورون چکرورتی سے صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں، جو بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
اسی طرح اسپنر محمد نواز نے سیریز کے آخری میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بولر رینکنگ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ آل راؤنڈر رینکنگ میں وہ ایک درجہ بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب نے آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے 27ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے 12 درجے چھلانگ لگا کر 29ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
Comments
0 comment