1 hour ago
ایف آئی اے کی کارروائیاں، 1 ارب روپے کے بینک ڈیفالٹر سمیت 2 ملزمان گرفتار
Webdesk
|
22 Nov 2026
لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ارب روپے کے مبینہ بینک ڈیفالٹ میں ملوث ایک نجی کمپنی کے ڈائریکٹر اور غیر قانونی حوالہ ہنڈی کا کاروبار چلانے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق پہلی کارروائی میں ایک ارب روپے کے مبینہ بینک ڈیفالٹ کے الزام میں نجی کمپنی ایم ایس اشرف پولی کے ڈائریکٹر رانا شہریار کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق، ایک نجی بینک کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 119، 120 اور 121/2026 درج کیے گئے تھے.جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم رانا شہریار کو حراست میں لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق دوسری کارروائی لاہور کے علاقے لنڈا بازار میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے ایک مبینہ ٹھکانے پر کی گئی، جہاں چھاپہ مار کر شیر محمد اور دولت خان نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 83 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے اور موبائل فونز برآمد کیے گئے، جبکہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان کے موبائل فونز سے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی لین دین سے متعلق پیغامات بھی ملے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ دونوں الگ الگ کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے. تاکہ ان نیٹ ورکس سے منسلک دیگر کرداروں اور مالیاتی تفصیلات کا تعین کیا جا سکے۔
Comments
0 comment