12 mins ago
پشاور کے حافظ قرآن نوجوان کا منفرد اقدام، ولیمے میں رشتے داروں کے بجائے یتیم بچوں کو مہمان بنالیا
آفتاب مہمند
|
20 Nov 2026
پشاور میں ایک نوجوان نے اپنی شادی پر مستحق افراد کو ولیمے میں بطور مہمان مدعو کرکے منفرد مثال قائم کردی۔
حافظ آفاق احمد نے اپنے ولیمے میں رشتے داروں اور عزیزوں کے بجائے یتیم و بے سہارا بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو بطور مہمان مدعو کیا۔
تقریب میں کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے بھی شرکت کی اور نوجوان کے اس انسان دوست اقدام کو قابلِ تقلید قرار دیا۔
اس موقع پر کمشنر پشاور نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہے، جس میں کسی شخص نے روایتی مہمانوں کے بجائے یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کیا۔ انہوں نے حافظ آفاق کے جذبۂ خدمت اور انسان دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی خوشیوں میں محروم اور مستحق افراد کو شریک کرنا ایک قابلِ تحسین عمل ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں کا حصہ بنائے جنہیں محبت اور توجہ کی ضرورت ہے۔
تقریب میں شریک دیگر افراد نے بھی نوجوان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرتی ہم آہنگی اور ہمدردی کے فروغ کی مثبت مثال قرار دیا۔
حافظ آفاق احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوشیاں صرف خاندان اور عزیز و اقارب تک محدود نہیں رکھنی چاہئیں بلکہ ان لوگوں کے ساتھ بھی بانٹنی چاہئیں جنہیں محبت، توجہ اور اپنائیت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو ولیمے میں مدعو کرنے کا مقصد انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا اور معاشرے میں انسانیت، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
Comments
0 comment