دعا گو ہوں شہبازشریف اپنی آئینی مدت پوری کریں: بلاول بھٹو

دعا گو ہوں شہبازشریف اپنی آئینی مدت پوری کریں: بلاول بھٹو

ہمارے سامنے اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا
دعا گو ہوں شہبازشریف اپنی آئینی مدت پوری کریں: بلاول بھٹو

Webdesk

|

20 Nov 2026

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو 2 مرتبہ وزیراعظم بنوایا اور چاہتے ہیں کہ ان کے ہاتھ مضبوط ہوں، دعا ہے کہ شہباز شریف 5 سالہ مدت مکمل کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بنیں۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، ایران جنگ کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے اور ہر شہری جنگ کا معاشی بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا اور جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات کا سامنا رہے گا. موجودہ حالات میں خدشہ ہے کہ معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی اور کھاد کا حصول بھی مشکل ہو جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہیں. ایسے حالات میں پاکستان میں بھی یہ سوچنا ہوگا کہ عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہے جب کہ عوام ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں بھی معاشی بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے .حالانکہ سب جانتے ہیں کہ عوام کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ چھوٹے کاشت کاروں اور ہاریوں کی نمائندگی کی ہے اور مشکل وقت میں زرعی شعبے کی مدد کرنا پیپلزپارٹی کی ترجیح رہی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چھوٹے کاشت کار زرعی شعبے کا 90 فیصد حصہ رکھتے ہیں، بے نظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کے ذریعے ان کی مدد کی جا رہی ہے۔

 سندھ میں صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین خود کاشت کرنے والے کسانوں کی معاونت کی جائے گی جب کہ کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار روپے فراہم کرنے کا اقدام بھی خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا یہی طریقہ کار ہے کہ معاشی بحران کے دوران عوام کی مدد کی جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!