خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل
Webdesk
|
20 Nov 2026
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا ہے. جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس موقع پر انہیں علاقے کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور خیبرپختونخوا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران انہیں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔ انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی اعلی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔
انہوں نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس اہلکاروں کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے پختہ عزم پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ کردار اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی توجہ مرکوز رہی۔
Comments
0 comment