2 hours ago
مدرسہ میں بچے پر مبینہ تشدد، آنکھ متاثر، قاری گرفتار
Webdesk
|
3 Nov 2026
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دینی تعلیم حاصل کرنے والے کم عمر طالب علم پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آگیا .جہاں مدرسے کے قاری کے خلاف بچے کی بائیں آنکھ پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔بچے کے والد سید پرویز اقبال کی درخواست پر درج مقدمے میں قاری عبدالواحد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی کا بیٹا عفان شاہ مدرسہ بیت المعمور میں دینی تعلیم حاصل کررہا ہے، جو صحافی کالونی، گیٹ نمبر 2 کے قریب واقع ہے۔درخواست گزار کے مطابق 31 اکتوبر کو سہ پہر تقریبا 3 بجے اس کا بیٹا مدرسے سے واپس گھر آیا تو اس کی بائیں آنکھ بری طرح متاثر تھی۔
بیٹے سے آنکھ پر چوٹ لگنے کے بارے میں دریافت کیا، تاہم ابتدا میں بچے نے کچھ نہیں بتایا کیونکہ وہ بہت زیادہ ڈرا ہوا تھا۔ شام تقریبا 5 بجے جب بچہ کچھ سنبھلا تو اس نے والد کو بتایا کہ مدرسے کے استاد قاری عبدالواحد نے اس کی آنکھ پر ڈنڈا مارا اور اسے ڈرایا دھمکایا۔درخواست گزار کے مطابق انہوں نے بیٹے کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال پہنچایا .
بعدازاں وہ تھانے پہنچے اور واقعے کے خلاف کارروائی کی درخواست دی۔والد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا کہ قاری عبدالواحد نے ان کے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مقدمہ گزشتہ روز شام 5 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا جبکہ رپورٹ میں دفعہ 328 اے تعزیرات پاکستان کا اندراج کیا گیا ہے. جس میں نامزد قاری عبدالواحد کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل علاقہ بانڈگئی کی شازیب مسجد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں مبینہ طور پر قاری کے تشدد سے 12 سالہ طالب علم ارشد جان کی بازی ہار گیا تھا۔
ڈی پی او خانزیب مہمند نے واقعے کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا تھا کہ جاں بحق بچے کی شناخت ارشد ولد عزیز الحکیم کے نام سے ہوئی ہے. جس کا تعلق ٹوپ ماندل سے ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔واقعے کے فورا بعد کارروائی کرکے تشدد میں مبینہ طورپرملوث ملزم قاری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
Comments
0 comment