خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیمیں نشانے پر، 3 پولیس اہلکار شہید، 4 پولیو رضاکار اغوا

خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیمیں نشانے پر، 3 پولیس اہلکار شہید، 4 پولیو رضاکار اغوا

مہمند میں پولیو ٹیم پر فائرنگ میں 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ ٹانک سے اہلکاروں کو اغوا کیا گیا
خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیمیں نشانے پر، 3 پولیس اہلکار شہید، 4 پولیو رضاکار اغوا

ویب ڈیسک

|

3 Nov 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ضلع ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔

مہمند کے علاقے تمانزئی میں تھانہ پنڈیالی کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ظہور، عربی اور صابر شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب ضلع ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا دونوں واقعات پر اظہارِ افسوس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مہمند میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران ٹیموں اور ان کی حفاظت پر تعینات اہلکاروں کو نشانہ بنانا نہ صرف امن و امان بلکہ بچوں کے محفوظ مستقبل پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پولیو ورکرز و سکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم ایسے واقعات سے کمزور نہیں ہوسکتا اور پوری قوم پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور انہیں نشانہ بنانا انسانیت اور قومی مفاد کے خلاف ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!