3 hours ago
کراچی، بیوی کے سامنے ڈاکٹر کا بے رحمانہ قتل
Webdesk
|
21 Apr 2026
کراچی: شہر قائد کی مصروف ترین سڑک شاہراہ فیصل مہران ہوٹل کے قریب کار سوار ملزمان نے بیوی کے سامنے شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل مہران ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 37 سالہ سارنگ کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ کار سوار ملزمان کی رکشے پر فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
ایس ایچ او آرٹلری میدان ندیم حیدر نے بتایا کہ مقتول اپنی اہلیہ کے ہمراہ کینٹ اسٹیشن کی جانب سے رکشا میں سوار ہو کر جا رہا تھا کہ مہران ہوٹل کے قریب کار سوار ملزمان نے رکشا روک کر سارنگ کو اتار کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
مقتول پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر اور اس کا آبائی تعلق بدین سے بتایا جا رہا ہے، مقتول پریس کلب کے قریب سیدکو سینٹر کا رہائشی تھا واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتول کی اہلیہ کے رشتے دار جناح اسپتال پہنچ گئے جبکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
اس حوالے سے پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے مقتول سارنگ گلستان جوہر میں قائم نجی اسپتال کے میڈیکل کالج میں بطور رجسٹرار اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔
Comments
0 comment