ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پنک بٹن بھی فعال کر دیے : مریم نواز
Webdesk
|
27 Nov 2026
چکوال: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے، کسی بھی حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ قابل بچے وسائل نہ ہونے پر تعلیم سے محروم رہیں۔
چکوال یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ محنت کا صلہ ہیں، چکوال میں دو جدید سکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں، غربت اور وسائل کی کمی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کروں گی۔
انہوں نے بچیوں کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے، قابلیت کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی، لیپ ٹاپ اور سکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے بڑی نعمت ہیں، میری بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، اب محض ڈگری کا وقت گزر گیا، موجودہ دور جدید سکلز کا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس سٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے، میرے دل میں زیادہ جگہ چھوٹے شہروں کے لیے ہے جو سہولتوں سے محروم رہے، وسائل کی کمی کا سامنا مجھے بھی ہے، فنڈز سوچ سمجھ کر لگانے پڑتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی ظلم کے خلاف مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ فرض ادا ہوگیا۔ موجودہ دور ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے، میری خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھر اور باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پنک بٹن بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
Comments
0 comment