2 hours ago
گولڈ میڈلسٹ طالبہ کے ساتھ ویزا فراڈ کرنے والا زیر حراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
ویب ڈیسک
|
20 Oct 2026
اسلام آباد: یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے ساتھ امریکی ویزے کے نام پر مبینہ فراڈ کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد نعمان مبینہ طور پر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
وفاقی پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ رمنا کی حدود میں ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں موجود موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے جانے والی ٹیم پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے فائرنگ کی، جن کا مقصد زیر حراست ملزم کو چھڑوانا تھا۔ فائرنگ کے دوران محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ بعد ازاں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق محمد نعمان طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی سے متعلق مقدمے میں نامزد ملزم تھا۔ واقعے کے بعد فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کو دستیاب معلومات کے مطابق محمد نعمان، اس کے بھائی اور کزنز کے خلاف مانسہرہ کے تھانہ سٹی میں 85 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا مقدمہ بھی درج تھا۔ بتایا گیا ہے کہ نعمان اس مقدمے میں اشتہاری تھا، جبکہ اس کا ایک بھائی اور کزنز جیل میں ہیں۔
تاہم پولیس تاحال یہ واضح نہیں کرسکی کہ لائبہ اعجاز کیس میں گرفتار ملزم سے مبینہ فراڈ کی رقم برآمد ہوئی تھی یا نہیں۔
Comments
0 comment