59 mins ago
ڈاکٹر سمعیہ کیخلاف مہم پر جوڈیشل کمیشن کی این سی سی آئی اے کو جوڈیشل کمیشن کی ہدایت
ویب ڈیسک
|
23 Sep 2026
کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے کراچی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے خلاف مبینہ منفی مہم کے معاملے کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو سونپ دی ہیں۔
کمیشن نے این سی سی آئی اے کراچی کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ ایک تجربہ کار افسر مقرر کرکے ڈاکٹر سمیعہ سید اور ڈاکٹر اسامہ شیخ کے درمیان ہونے والی پیغامات کی گفتگو کی تفصیلی چھان بین کی جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ گفتگو سوشل میڈیا تک کیسے پہنچی۔
تحریری حکم نامے میں کمیشن نے کہا کہ ڈاکٹر سمیعہ سید نے ڈاکٹر اسامہ شیخ کی جانب سے ان کے خلاف مبینہ مہم چلائے جانے کی شکایت کی ہے۔ کمیشن کے مطابق ایسی کوششیں جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کو متنازع بنانے کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ ڈاکٹر سمیعہ کو ہراساں کرنا قابل قبول نہیں۔
ڈاکٹر سمیعہ سید نے کمیشن کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر اسامہ نے دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے کچھ حصے مبینہ طور پر ترمیم کرکے مخصوص میڈیا اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فراہم کیے۔ انہوں نے کمیشن کو مکمل گفتگو فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
درخواست کے مطابق ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ ڈاکٹر اسامہ شیخ کمیشن کے سامنے تین مرتبہ پیش ہوچکے ہیں، تاہم اب تک دونوں کے درمیان ہونے والی مکمل گفتگو کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق ڈاکٹر اسامہ کمیشن کی حتمی رپورٹ کو تسلیم نہیں کر رہے، جبکہ ان کے بیانات اور طرزِ عمل سے بھی مختلف سوالات پیدا ہوتے ہیں۔
کمیشن نے این سی سی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ پیغامات کے سوشل میڈیا تک پہنچنے کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار شخص کا تعین کیا جائے۔
Comments
0 comment