وزیراعظم کا صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ کو سوا کروڑ فی کس دینے کا اعلان

وزیراعظم کا صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ کو سوا کروڑ فی کس دینے کا اعلان

لواحقین کے اہل خانہ کو رہائش کیلیے مکان، بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی، شہباز شریف کی کاشف عمر کے بیٹے سے گفتگو
وزیراعظم کا صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ کو سوا کروڑ فی کس دینے کا اعلان

ویب ڈیسک

|

2 Oct 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئے مالی معاونت، گھر اور بچوں کی مفت تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانی کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے تینوں جاں بحق پاکستانیوں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے ہر خاندان کیلئے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق افراد کے بچوں کو حکومت کی جانب سے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ہر خاندان کو گھر بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفارتخانے کو ہدایت کی کہ صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں۔

شہباز شریف نے زخمی پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!