9 مئی جیسے حالات یا انتشار کی کوشش ہوئی تو بغیر تفریق اور ہچکچاہٹ کے فیصلہ کن کارروائی ہوگی، کور کمانڈرز
ویب ڈیسک
|
2 Oct 2026
پاک فوج کے کورکمانڈرز نے واضح اور دو ٹوک انداز میں فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی بہانے سے انتشار پیدا کرنے یا 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش ہوئی تو قانون کے مطابق فیصلہ کن قوت کے ساتھ، بلا ہچکچاہٹ اور بلا امتیاز نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور دفاعی امور کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملکی دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکا نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکا نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر زمینی اقدامات کے ساتھ بہتر انتظامی نظام اور گورننس بھی ضروری ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ گورننس کو نچلی سطح پر عوام کے قریب لانے کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات اور اس کے خلاف ریاستی اقدامات سے متعلق مؤثر رابطہ کاری بھی ضروری ہے۔ فورم نے جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کے خاتمے اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔
شرکا نے واضح کیا کہ پاکستان میں داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے واقعات کی کوشش سے قانون کے مطابق بلاامتیاز نمٹا جائے گا۔
کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا۔ شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بنیادوں پر ہونے والے آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی شعبوں کے باہمی انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Comments
0 comment