جوان افراد میں تیزی سے کینسر کیوں پھیل رہا ہے؟ نئی تحقیق اہم انکشاف

جوان افراد میں تیزی سے کینسر کیوں پھیل رہا ہے؟ نئی تحقیق اہم انکشاف

ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ کی اس تحقیق میں برطانیہ، امریکا اور نیدرلینڈز کے کینسر ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی
جوان افراد میں تیزی سے کینسر کیوں پھیل رہا ہے؟ نئی تحقیق اہم انکشاف

Webdesk

|

6 Oct 2026

دبئی: دنیا بھر میں جوان افراد میں کینسر کی متعدد اقسام کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جوان افراد (50 سال سے کم عمر) میں کینسر کی مختلف اقسام کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ اس کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔تحقیق کے مطابق جوان افراد میں مثانے، آنتوں، گردے، بریسٹ، معدے اور مادر رحم کے کیسز کی تعداد میں 2001 سے اب تک 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔

ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ کی اس تحقیق میں برطانیہ، امریکا اور نیدرلینڈز کے کینسر ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ برطانیہ میں جوان افراد میں کینسر کی 7، امریکا میں 5 اور نیدرلینڈز میں 4 اقسام بہت تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

تحقیق کے مطابق ویسے تو دنیا بھر میں ہر عمر کے افراد میں کینسر کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے مگر جوان افراد میں یہ شرح دیگر کے مقابلے میں بہت زیادہ تیزی سے بڑھی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں موٹاپے کی وبا، ناقص غذائی عادات، جسمانی سرگرمیوں اور جسمانی سرگرمیوں یا ورزش سے دوری جوان افراد میں کینسر کا خطرہ بڑھانے والی اہم وجوہات ہیں۔اسی طرح لوگوں میں کینسر کے حوالے سے شعور موجود نہیں جبکہ جلد تشخیص پر بھی توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔

محققین نے بتایا کہ ویسے تو 50 سال سے کم عمر افراد کے لیے کینسر اب بھی بہت بڑا خطرہ نہیں بلکہ اس کے مریضوں کی اوسط عمر 60 سال ہوتی ہے، مگر جتنی تیزی سے جوان افراد میں کیسز بڑھ رہے ہیں یہ تشویشناک ہے۔

انہوں نے اسے ٹائم بم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فوری طور پر اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، ورنہ کیسز کی تعداد توقعات سے زیادہ ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے بھی زیادہ تشویشناک ہے کیونکہ طرز زندگی کے عناصر ہزاروں اموات کا باعث بن رہے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے، ناقص غذائی عادات، ورزش سے دوری کے ساتھ ساتھ الکحل و تمباکو نوشی، ماحولیاتی عناصر جیسے فضائی آلودگی، کیمیکلز، پلاسٹک وغیرہ لوگوں کو کینسر کا شکار بنا رہے ہیں۔

محققین کے مطابق کینسر کے لگ بھگ 40 فیصد کیسز ایسے ہوتے ہیں جن کی روک تھام ممکن ہے جبکہ لوگوں میں کینسر کی علامات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ مرض کی تشخیص جلد ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی ہم مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے کہ آخر 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر اتنی تیزی سے عام کیوں ہو رہا ہے مگر یہ واضح ہے کہ خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے موٹاپا، ناقص غذا، الکحل، تمباکو نوشی وغیرہ بھی عام ہوچکے ہیں جس کا نتیجہ جوان افراد میں کینسر کے پھیلا کی شکل میں نکل رہا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!