جعلی فلو ویکسین کی مارکیٹوں میں سپلائی کا انکشاف، ڈریپ نے الرٹ جاری کردیا

جعلی فلو ویکسین کی مارکیٹوں میں سپلائی کا انکشاف، ڈریپ نے الرٹ جاری کردیا

ویکسی گرپ ٹیٹرا کے پیکٹ پر سنوفی ونتھراپ فرانس کا پتہ درج کیا گیا ہے۔
جعلی فلو ویکسین کی مارکیٹوں میں سپلائی کا انکشاف، ڈریپ نے الرٹ جاری کردیا

Webdesk

|

1 Nov 2026

ملک کی مختلف مارکیٹوں میں انفلوئنزا اور فلو سے بچا کی جعلی ویکسین کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے انفلو ویک ٹیٹرا اور ویکسی گرپ ٹیٹرا نامی فلو ویکسین کے جعلی بیچز کی نشاندہی کرتے ہوئے ملک بھر میں پروڈکٹ الرٹس جاری کر دیے ہیں۔

ڈریپ کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں ایبٹ فارما اور سنوفی ونتھراپ کی تیار کردہ فلو ویکسین کے نام سے جعلی مصنوعات مارکیٹ میں سپلائی کی گئی ہیں۔

اِسی طرح انفلو ویک ٹیٹرا کے پیکٹ پر ایبٹ بائیولوجیکلز نیدرلینڈز کا پتہ درج ہے، جبکہ ویکسی گرپ ٹیٹرا کے پیکٹ پر سنوفی ونتھراپ فرانس کا پتہ درج کیا گیا ہے۔

ڈریپ نے بتایا کہ سنوفی کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹر نے جعلی فلو ویکسین کی سپلائی سے متعلق اطلاع دی، ویکسی گرپ ٹیٹرا کا بیچ نمبر وائے فور بی 34 درآمد نہیں کیا گیا، جبکہ لاہور میں سپلائی ہونے والی انفلو ویک ٹیٹرا ویکسین کا بیچ نمبر پی 13 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ جعلی ویکسین کے معیار اور افادیت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، جبکہ ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشتبہ ویکسین استعمال نہ کریں اور جعلی ویکسین کے ممکنہ منفی اثرات کی اطلاع نیشنل فارماکوویجیلنس سینٹر کو دیں۔

اتھارٹی نے تمام صوبوں کو جعلی ویکسین کی خرید و فروخت اور سپلائی روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور فیلڈ فورس کو متعلقہ جعلی بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!