پاکستان میں ذہنی مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے متجاوز
Webdesk
|
1 Nov 2026
کراچی: ملک میں ذہنی مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ، 2 لاکھ 45 ہزار مریضوں کیلیے صرف ایک ماہر نفسیات میسر ہے۔
وزارت صحت نے پاکستان میں ذہنی امراض کا شکار افراد کی تعداد کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہیں۔ گلوبل برڈن آف ڈیزیز کے مطابق ملک میں ذہنی مریضوں کی تعداد تین کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزارت صحت نے اسی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2026 کے ہیلتھ ورک فورس سروے کے مطابق پاکستان میں صرف 1050 رجسٹرڈ ماہرین نفسیات ہیں۔ یعنی 2 لاکھ 45 ہزار 400 مریضوں کے لیے صرف ایک ماہر نفسیات میسر ہے۔
پیش کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبر پختونخوا میں 122 جب کہ بلوچستان میں صرف 44 ماہرین نفسیات کام کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ محکمہ صحت نے قومی اسمبلی میں ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی رپورٹ بھی پیش کی، جس کے مطابق ان امراض کے رجسٹرڈ مریضوں کی کل تعداد 3900 ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ایڈز کے سب سے زیادہ 1915 مریض سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 1765، کے پی میں 139، بلوچستان میں 46 اور اسلام آباد میں 30 ایڈز متاثرہ مریض ہیں۔ ان کے علاوہ آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایڈز کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
Comments
0 comment