6 hours ago
تقریب میں بھگڈر، مسٹر پتلو سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج
ویب ڈیسک
|
1 Nov 2026
سیالکوٹ: شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق اور کم از کم 18 افراد زخمی ہونے کے واقعے پر پولیس نے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پٹلو، ان کے بھائی اور تقریب کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
واقعہ ہفتے کی رات ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں مہندی کی تقریب اور انعامات تقسیم کرنے کے پروگرام میں شرکت کے لیے سیکڑوں افراد جمع تھے۔
مقدمے کے متن کے مطابق مسٹر پٹلو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی اور موٹر سائیکلوں سمیت گاڑی انعام میں دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔ الزام ہے کہ انہوں نے مائیک پر لوگوں کو گراؤنڈ میں داخل ہونے کا کہا، جس کے بعد شرکا کی بڑی تعداد نے ایک ساتھ اندر جانے کی کوشش کی اور بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس کے مطابق اس دوران بدھا گورایا کا رہائشی عقیل ہجوم تلے کچلا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے۔
مقدمہ ایس ایچ او مبین چیمہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات اور پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 16 شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مسٹر پٹلو، ان کے بھائی کاشف اور دیگر منتظمین نے تقریب کی اجازت سے متعلق حفاظتی ضابطوں پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ مقدمے میں کرکٹ گراؤنڈ کے مالک اور تقریب کے انتظامات میں شامل دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تقریب میں سکیورٹی گارڈز تعینات تھے، تاہم لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث ہجوم بے قابو ہوگیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments
0 comment