6 hours ago
ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کا ایران جنگ سے نکلنے کا مشورہ
ویب ڈیسک
|
14 Mar 2026
امریکا میں ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے معاملے پر پالیسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بعض قریبی مشیروں کی جانب سے جنگ ختم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مشیر ڈیوڈ سیکس نے صدر ٹرمپ کو تجویز دی ہے کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائی کو کامیاب قرار دے کر فوجی مہم کو سمیٹ لے اور مزید کشیدگی سے گریز کرے۔
ڈیوڈ سیکس کے مطابق جنگ کو طول دینا خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے اور امریکا ایک طویل اور مہنگی جنگ میں الجھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں بہتر یہی ہوگا کہ موجودہ صورتحال کو کامیابی قرار دے کر تنازع کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکی حکومت کے اندر مختلف نقطۂ نظر موجود ہیں۔ بعض حکام کا خیال ہے کہ فوجی کارروائی جاری رکھ کر ایران کی عسکری صلاحیت کو مزید کمزور کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب کچھ مشیروں کا مؤقف ہے کہ امریکا اپنے بنیادی مقاصد حاصل کر چکا ہے، اس لیے اب کشیدگی کم کر کے جنگ کو ختم کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔
تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس تنازع کا اختتام اسی وقت ہوگا جب وہ اسے مناسب سمجھیں گے۔
Comments
0 comment