13 hours ago
سوئٹزلینڈ مذاکرات، ایران کے کچھ منجمد اثاثے بحال، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم، لبنان جنگ کے خاتمے کیلیے پیشرفت، عباس عراقچی
ویب ڈیسک
|
22 Jun 2026
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مشترکہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی اور قطری ثالثی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں لبنان میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ اس پیش رفت کے تحت ایران کی تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، ایران کے خلاف ناکہ بندی ختم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ کچھ منجمد اثاثے بھی بحال کیے گئے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران کے لیے تعمیر نو اور ترقی سے متعلق ایک بڑے منصوبے کے آغاز پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقل امن کی جانب ایک قدم ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اس عمل کا پہلا اہم امتحان لبنان میں جنگ بندی اور معاملات کی نگرانی کے لیے قائم کیے جانے والے نگرانی مرکز کا قیام ہوگا، جس کے ذریعے فریقین کے درمیان طے پانے والے نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مذاکراتی عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو جنگ بندی کے نفاذ، انسانی امداد کی فراہمی، تعمیر نو کے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر نظر رکھے گی۔
اعلامیے میں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔
Comments
0 comment