3 hours ago
نانا پاٹیکرکا کوئی مقابل نہیں، بالکل مختلف شخصیت تھے، پریش راول
Webdesk
|
8 Oct 2026
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار پریش راول نے آنجہانی اداکارناناپاٹیکرکے حوالے سے یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کے حوالے سے کئی قصے بیان کئے ہیں۔
پریش راول نے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ نانا پاٹیکر نے ایک کردار کے لیے 1 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ طلب کیا تھا، جبکہ اس وقت کئی بڑے اداکار بھی اتنے معاوضے کا مطالبہ نہیں کرتے تھے۔
پریش راول نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاروں سے بالکل مختلف انداز رکھتے تھے اور اسی دور میں انہوں نے 1 کروڑ روپے کی فیس طلب کی جو انہیں بالآخر مل بھی گئی۔
پریش راول نے نانا پاٹیکر سے متعلق ایک اور دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایاکہ ایک پروڈیوسر نانا پاٹیکر سے ملنے ان کے گھر گیا، جہاں اداکار نے اسے کھانے میں مٹن پیش کیا اور کھانا کھانے کے بعد پروڈیوسر سے برتن دھونے کو کہا،نانا پاٹیکر نے پروڈیوسر سے کہا کہ آپ نے کھانا کھا لیا ہے، اب جا کر برتن صاف کریں۔
پریش راول نے نانا پاٹیکر کی شخصیت کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نانا کا کوئی مقابلہ نہیں تھا، وہ بالکل مختلف انسان تھے۔ واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم گامن سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 4 دہائیوں سے زائد عرصے پرمحیط فلمی کیئریئر کے دوران سلام بمبئی، پرندہ، کرانتی ویر اور اگنی ساکشی سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے۔
انہیں فلم پرندہ کے لیے بہترین معاون اداکار اور کرانتی ویر کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا تھا،انہوں نے ویلکم اور ویلکم بیک جیسی فلموں میں مزاحیہ کردار بھی ادا کیے تھے۔
Comments
0 comment