سنہرے دور کی معروف فوٹو گرافی کمپنی کوڈک دیوالیہ ہونے کے قریب

Webdesk
|
13 Aug 2025
نیویارک: سنہرے دور سے ڈیجیٹل دور تک کا سفر، فوٹو گرافی کی دنیا کی شہنشاہ کمپنی ایسٹ مین کوڈک 133 سال بعد بندش کے دہانے پر کھڑی ہے۔
دنیا کی مشہور فوٹوگرافی کمپنی ایسٹ مین کوڈک اپنے مستقبل کے نازک ترین موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ 133 سالہ پرانی اس کمپنی نے حالیہ مالیاتی رپورٹ میں سرمایہ کاروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ طویل عرصے تک اپنے آپریشنز جاری رکھنے کے قابل نہیں رہ سکے گی۔
کمپنی نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں خسارہ ظاہر کیا ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں فروخت میں بھی کمی آئی ہے۔
کوڈک کے پاس تقریبا 50 کروڑ ڈالر کے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی کے لیے نہ تو محفوظ فنڈز ہیں اور نہ ہی اتنی نقد رقم موجود ہے۔
نقدی بچانے کے لیے کوڈک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے امریکی ریٹائرمنٹ انکم پلان میں شراکت روک دے گی، اس خبر کے بعد پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں کمپنی کے حصص کی قیمت 7 فیصد سے زائد گر گئی۔
کوڈک ایک صدی تک انتہائی کامیاب اور دنیا بھر میں مقبول رہی، 1970 کی دہائی میں امریکی مارکیٹ میں فلمز کی 90 فیصد اور کیمروں کی 85 فیصد فروخت اس کے پاس تھی، تاہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے عروج کے بعد اس کی منڈی پر گرفت کمزور پڑ گئی۔
سال 2020 میں کوڈک کو اس وقت عارضی سہارا ملا جب امریکی حکومت نے اسے دواسازی کے اجزا تیار کرنے کا منصوبہ سونپا، روچیسٹر میں واقع اس کا فارماسیوٹیکل پلانٹ اب ایف ڈی اے سے منظور شدہ ہے اور ریگولیٹڈ مصنوعات تیار و فروخت کرنے کا حق رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق حالیہ نقصانات کے باوجود وہ دواسازی کے شعبے میں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے اور سب سے پہلے لیبارٹریز کے لیے فاسفیٹ بفرڈ سالائن تیار کرے گی، جس کے بعد انجیکشن کے لیے آئی وی سالائن سمیت مزید مصنوعات تیار کی جائیں گی۔
Comments
0 comment