3 hours ago
متحدہ عرب امارات میں بڑی پابندی عائد
Webdesk
|
24 Jul 2026
دبئی: متحدہ عرب امارات میں ملازمین پر اگلے تین ماہ کے لیے بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بیورو آف امیگریشن آف اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ہر سال کی طرح اس سال بھی تین ماہ کے لیے دوپہر کے وقت ملازمین کے کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس پابندی کا اطلاق 15 جون سے ہو چکا ہے اور 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران ملازمین کے دوپہر 12:30 بجے سے شام 3:00 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست دھوپ میں کام کرنے کی سخت ممانعت ہوگی۔
تاہم کچھ ایسے کاموں کو اس پابندی سے چھوٹ حاصل ہوگی، جنہیں تکنیکی وجوہات کی بنا پر روکا نہیں جا سکتا۔ ان کاموں میں اسفالٹ بچھانے اور کنکریٹ ڈالنے کے وہ کام شامل ہیں جنہیں پابندی کے وقت کے بعد تک موخر نہیں کیا جا سکتا۔
اس کے علاوہ پانی، بجلی اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے ضروری ہنگامی مرمتی کام بھی اس پابندی سے باہر ہیں۔ ایسے کام جن کے لیے عوامی زندگی اور نقل و حرکت پر اثرات کی وجہ سے مخصوص سرکاری اداروں سے اجازت نامہ لینا ضروری ہوتا ہے، انہیں بھی اس سے استثنی حاصل ہوگا۔
ان قوانین کے مطابق کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ پابندی کے اوقات میں اپنے ملازمین کو آرام کے لیے سائے دار جگہیں فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنیوں کو ٹھنڈک پہنچانے والے آلات جیسے پنکھے، پینے کا صاف پانی اور ہائیڈریشن کا دیگر ضروری سامان بھی مہیا کرنا ہوگا۔
خلاف ورزی کرنے کی صورت میں کمپنی کو ہر ایک ملازم کے حساب سے 5,000 درہم جرمانہ ہوگا جبکہ متعدد ملازمین کے متاثر ہونے کی صورت میں یہ جرمانہ زیادہ سے زیادہ 50,000 درہم تک پہنچ سکتا ہے۔
Comments
0 comment