امریکا نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

امریکا نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت بہتر ہوگی
امریکا نے سعودی عرب کو 48  ایف 35  طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

Webdesk

|

18 Sep 2026

واشنگٹن: امریکی نے سعودی عرب کو 48 جدید ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی ممکنہ ڈیل کی منظوری دے دی ہے. تاہم تقریبا 24.3 ارب ڈالر کے اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت بہتر ہوگی، اسے موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور امریکی و اتحادی افواج کے ساتھ اس کی عسکری ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

معاہدے میں 48 ایف 35 طیاروں کے علاوہ 49 پراٹ اینڈ وٹنی ایف 135 انجن، مواصلاتی آلات، اسپیئر پارٹس، تربیتی اور لاجسٹک معاونت سمیت دیگر متعلقہ سامان بھی شامل ہے۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن تبدیل نہیں ہوگا۔ واشنگٹن کی دیرینہ پالیسی کے تحت اسرائیل کو خطے کے ممکنہ مخالفین کے مقابلے میں فوجی برتری برقرار رکھنے کی ضمانت دی جاتی رہی ہے۔

سعودی عرب کو ایف 35 طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دنوں میں حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب نے یمن میں حوثی اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں جبکہ حوثیوں کی جانب سے سعودی علاقوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

17 ستمبر کو سعودی سول ڈیفنس کے مطابق طائف میں حوثیوں کی جانب سے بھیجا گیا ڈرون فضا میں تباہ کردیا گیا، تاہم ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک یمنی شہری جاں بحق جبکہ ایک سعودی خاتون اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔

سعودی حکام کے مطابق پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ملبہ گرنے سے بعض عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔رائٹرز کے مطابق طائف کا واقعہ حالیہ حوثی حملوں کے دوران سعودی عرب میں رپورٹ ہونے والی پہلی ہلاکت ہے، جبکہ سعودی حکام اس سے قبل رواں ماہ حوثی حملوں میں 80 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دے چکے ہیں۔

اس سے ایک روز قبل سعودی عرب نے دعوی کیا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف بھیجا گیا ڈرون سعودی فضائی دفاع نے شہر کی ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کردیا۔

تاہم حوثیوں نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کی تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا ہے۔حوثیوں نے بدھ کو یہ بھی دعوی کیا تھا کہ انہوں نے یمن کے اہم شہر مرب کے علاقے میں سعودی عرب کا ایف 15 جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!