بھارت کے سرکاری اسپتال میں چوہے کے کاٹنے سے 2 نومولود بچیاں جاں بحق

بھارت کے سرکاری اسپتال میں چوہے کے کاٹنے سے 2 نومولود بچیاں جاں بحق

واقعے کے بعد اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے
بھارت کے سرکاری اسپتال میں چوہے کے کاٹنے سے 2 نومولود بچیاں جاں بحق

ویب ڈیسک

|

4 Sep 2025

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور کے سرکاری اسپتال میں چوہوں کے کاٹنے سے دو نومولود جاں بحق ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اندور کے مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال کے نیونٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (NICU) میں چوہوں کے کاٹنے سے دو نومولود بچیاں ہلاک ہو گئیں۔

اگرچہ اسپتال انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بچوں کی موت کی وجہ چوہوں کے کاٹنے کے زخم نہیں تھے، لیکن اس واقعے نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔

یہ واقعہ یکم اور 2 ستمبر 2025 کے درمیان پیش آیا، جب دو نومولود بچیوں کو چوہوں نے کاٹ لیا۔

ایک بچی کو انگلیوں پر جبکہ دوسری کو سر اور کندھے پر زخم آئے۔ دونوں بچیاں کھنڈوا اور دیواس سے تعلق رکھتی تھیں اور پیدائشی طور پر صحت کے سنگین مسائل کا شکار تھیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق، دونوں بچوں کی موت پہلے سے موجود بیماریوں، جیسے نمونیا اور سیپٹیسیمیا، کی وجہ سے ہوئی۔

تاہم، اسپتال کے عملے نے ابتدائی طور پر ان زخموں کو چھپانے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد دو نرسنگ افسران کو معطل اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صفائی اور پیسٹ کنٹرول کا ٹھیکہ رکھنے والی نجی کمپنی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اس کا معاہدہ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے معاملے کی تحقیقات کیلیے 6 رکنی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، جبکہ مدھیا پردیش ہیومن رائٹس کمیشن بھی اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

اس واقعے نے حکومت اور اسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے اسے انتظامی بدعنوانی اور اسپتال کی ناقص انتظامیہ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔

---

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!