قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری کا امکان
Webdesk
|
28 Sep 2026
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے بھی پی سی بی کے مذاکرات جاری ہیں، شان ٹیٹ سے بولنگ کنسلٹنٹ جب کہ مارٹن گپٹل سے فیلڈنگ کنسلٹنٹ کی ذمے داریاں سنبھالنے کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔
شان ٹیٹ 23-2022 میں ایک سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور کچھ عرصہ قبل تک وہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شان ٹیٹ کے لیے تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں تھا، انہوں نے خاندانی مصروفیات کے باعث بنگلادیش ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا، اسی لیے اب انہیں کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے ساتھ معاملات طے پانے کے قوی امکانات ہیں۔
Comments
0 comment