کرکٹ میں کرپشن کی تحقیقات این سی سی آئی اے کا دائرہ اختیار نہیں، رضوان
ویب ڈیسک
|
18 Sep 2026
اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سوال نامے کے جواب میں اپنے خلاف آن لائن جوئے سے متعلق الزامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق محمد رضوان نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس آن لائن جوئے کے معاملے سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کو این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہوا، تاہم اس کے باوجود انہیں نہ مبینہ واقعے، نہ متعلقہ آن لائن جوئے اور نہ ہی اپنے مبینہ کردار سے آگاہ کیا گیا۔
محمد رضوان کے مطابق پیشی کے دوران انہوں نے کئی مرتبہ اپنے خلاف الزامات کی وضاحت طلب کی، لیکن انہیں مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ بطور کرکٹر انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کی نمائندگی اور خدمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز سے متعلق کرپشن کے معاملات کی تحقیقات کے لیے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ فورم ہے اور ان کے خلاف کسی الزام کی اطلاع بھی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو نہیں دی گئی۔
محمد رضوان نے کہا کہ ایسے معاملے کی این سی سی آئی اے کی جانب سے تحقیقات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ اگر معاملہ کرکٹ سے متعلق کرپشن کا ہے تو اس پر کارروائی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے خلاف کوئی الزام موجود ہے تو اس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنا مؤقف پیش کرسکیں۔ محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ اگر معاملہ کرپشن سے متعلق ہے تو اسے فوری طور پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھجوایا جائے
Comments
0 comment