کراچی سے مکران جانے والی مسافر کوچ کو حادثہ، 10 جاں بحق

کراچی سے مکران جانے والی مسافر کوچ کو حادثہ، 10 جاں بحق

بس گیس باوز سے ٹکرائی جس کے بعد آگ لگ گئی، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک
کراچی سے مکران جانے والی مسافر کوچ کو حادثہ، 10 جاں بحق

ویب ڈیسک

|

19 Nov 2026

بلوچستان کی مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک دلخراش حادثے نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کردیا، کراچی جانے والی مسافر کوچ ایل پی جی گیس باؤزر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے میں خاتون اور بچے سمیت کم از کم 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد مسافر جھلس کر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ جمعرات کو اورماڑہ کے علاقے بسول کے قریب پیش آیا، جہاں تربت سے کراچی آنے والی مسافر کوچ گیس باؤزر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد آگ نے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کوچ میں سوار مسافر اندر پھنس گئے۔

مکران کوسٹل ہائی وے پولیس کے ایس پی محمد اسلم بنگلزئی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں، ہائی وے پولیس اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے اورماڑہ ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔

خوفناک حادثے کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک بھی کئی گھنٹوں تک معطل رہی، جس کے نتیجے میں بسول اور اورماڑہ کے قریب سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافر پھنس کر رہ گئے۔

مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والا یہ پہلا المناک حادثہ نہیں۔ رواں سال اگست میں بھی گوادر کے علاقے اورماڑہ میں تیز رفتار گیس باؤزر ایک کار سے ٹکرا کر الٹ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد آگ میں جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!