ایران امریکا مذاکرات میں فیلڈمارشل کا کلیدی کردار رہا، امریکی ادارے کا اعتراف
ویب ڈیسک
|
25 May 2026
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال میں خلیجی ممالک اور لبنان بھی تنازع سے متاثر ہیں، تاہم پاکستان نے سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے مجوزہ معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دینے میں نمایاں پیش رفت کی۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران سے واپسی کے بعد مجوزہ مسودہ ایرانی اور امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھجوا دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی ثالثی عمل میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایران اور امریکا دونوں کا اعتماد حاصل ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ماضی میں انہیں “میرا پسندیدہ فیلڈ مارشل” قرار دے چکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے سفارتی رابطوں کے دوران پاکستانی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
سی بی ایس نیوز نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی یاد دلایا کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر چکا ہے۔
Comments
0 comment