ٹائیگر شروف پر فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

9 hours ago

ٹائیگر شروف پر فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

ملزمان کو راجستھان سے حراست میں لیا گیا
ٹائیگر شروف پر فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک

|

19 Oct 2026

ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد کو بھارتی ریاست راجستھان کے شہر کوٹا کے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں ملزمان ٹرین میں سفر کررہے تھے۔ گرفتار افراد میں سے دو کا تعلق ریاست ہریانہ جبکہ ایک کا مہاراشٹر سے ہے۔ ملزمان کے لارنس بشنوئی گینگ سے روابط ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ فائرنگ کی کارروائی تربیت یافتہ شوٹرز نے کی، جنہوں نے حملے سے پہلے اداکار کی نقل و حرکت پر نظر رکھی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ملزمان کو معلوم تھا کہ ٹائیگر شروف ہر اتوار جوہو کے فٹ بال گراؤنڈ جاتے ہیں۔ مبینہ طور پر انہوں نے اداکار کی ہفتہ وار مصروفیات کی نگرانی کی اور گراؤنڈ سے گاڑی میں روانگی کے وقت فائرنگ کی۔

واقعے کے بعد ملزمان مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ راستے سے ویلے پارلے اور اندھیری کے علاقوں سے ہوتے ہوئے فرار ہوئے۔ انہوں نے اندھیری ویسٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب موٹر سائیکل چھوڑی اور بوریولی جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئے۔

ابتدائی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے مہاراشٹر کی سرحد عبور کرکے گجرات بھی پہنچے تھے۔

دوسری جانب مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے خبردار کیا ہے کہ ممبئی میں گینگ وار اور جرائم پیشہ گروہوں کے تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!