وفاقی وزرا، اعلی افسران و اہم شخصیات سمیت پاکستانیوں کا ڈیٹا انٹرنیٹ پر برائے فروخت

ویب ڈیسک
|
8 Sep 2025
انٹرنیٹ پر ہزاروں پاکستانیوں کی موبائل سم کا ذاتی اور حساس ڈیٹا فروخت کیا جا رہا ہے، جس میں وفاقی وزراء، حکومتی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔
نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، موبائل سم کے مالکان کا ایڈریس، کال ریکارڈ، شناختی کارڈ کی کاپیاں اور بیرون ملک سفر کی تفصیلات تک انٹرنیٹ پر بیچی جا رہی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ اور پی ٹی اے کے ترجمان سمیت ہر اہم شخصیت کا ڈیٹا گوگل پر فروخت ہو رہا ہے۔
یہ انکشاف مزید چونکا دینے والا ہے کیونکہ ایکسپریس نیوز نے ایک سال قبل 12 اکتوبر کو اس معاملے کی نشاندہی کی تھی، اس کے باوجود ڈیٹا کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی اے اور این سی سی آئی اے جیسے ادارے اس مسئلے پر خاموش ہیں۔ ایک سال پہلے پی ٹی اے نے دعویٰ کیا تھا کہ ایسی ویب سائٹس بند کر دی گئی ہیں، لیکن حقیقت میں شہریوں کا ڈیٹا اب بھی بیچا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، درجنوں ویب سائٹس معمولی قیمتوں پر یہ معلومات فراہم کر رہی ہیں۔ موبائل کی لوکیشن 500 روپے، کال ڈیٹا ریکارڈ 2000 روپے، اور غیر ملکی سفر کی تفصیلات 5000 روپے میں دستیاب ہیں۔
ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اس ڈیٹا کا استعمال کر کے جرائم پیشہ عناصر شہریوں کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں۔
Comments
0 comment