سندھ میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان، ہیٹ ویو الرٹ جاری
Webdesk
|
25 May 2026
کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا مزید طاقت ور ہونے کا امکان ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتِ حال برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام خصوصا بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کاشت کاروں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو سمیت مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، میر پور خاص اور جامشورو میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی طلب اور کھپت میں اضافے کا بھی امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں پیر اور منگل کو جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔
Comments
0 comment